Get Alerts

"15 فروری: کھیل نہیں، احتجاج ہوگا! پاکستان کا بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میں میدان میں نہ اترنے کا فیصلہ، وجوہات کیا ہیں؟

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں جاری سرد جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ حکومتِ پاکستان نے 15 فروری کو شیڈول ہائی وولٹیج میچ کے بائیکاٹ کی وجوہات جاری کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے خلاف باقاعدہ ’چارج شیٹ‘ پیش کر دی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق  اس احتجاج کی سب سے بڑی وجہ بنگلا دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا وہ جانبدارانہ فیصلہ ہے جس نے کھیل کے ضابطوں کو مشکوک بنا دیا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ ’بنگلا دیش کے ساتھ یکجہتی‘ دکھانے کے لیے بھارت کے خلاف میچ سے دستبردار ہو رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط پیغام دیا جا سکے۔
حکومتی ذرائع نے آئی سی سی کے ڈھانچے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے شا نے اپنے متعصبانہ طرزِ عمل سے آئی سی سی کو محض ایک ’بھارتی ذیلی ادارے‘ میں بدل دیا ہے۔ آئی سی سی میں انصاف اور برابری کا جنازہ نکال دیا گیا ہے، جہاں ایک ملک کی مرضی کو پوری دنیا پر مسلط کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کا میچ نہ کھیلنے کی ہدایت اس لیے دی گئی ہے تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر خودداری کا سودا نہیں کرے گا۔ حکومتی موقف کے مطابق، جب تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ’ایک ملک، دو معیار‘ کی پالیسی ختم نہیں ہوتی، پاکستان کا احتجاج جاری رہے گا۔

ٹیگز: