Get Alerts

دنیا بھر میں 2026 کا آغاز: نئے سال کا استقبال مختلف روایات اور آتشبازی سے ہوا

دنیا بھر میں 2026 کا آغاز: نئے سال کا استقبال مختلف روایات اور آتشبازی سے ہوا

لاہور : دنیا بھر میں 2025 کو انمٹ یادوں، خوشیوں اور اداسیوں کے ساتھ الوداع کیا گیا، اور 2026 کو نئے خوابوں اور امیدوں کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ وہ خواب جو 2025 میں پورے نہ ہو سکے، امید کی جاتی ہے کہ 2026 میں تعبیر پائیں گے۔

نئے سال کا آغاز سب سے پہلے بحرالکاہل میں واقع جزیرہ ملک کریباتی سے ہوا، جہاں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے سال 2026 کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ میں شام چار بجے اور آسٹریلیا میں شام چھ بجے پاکستانی وقت کے مطابق نئے سال کا جشن آتشبازی کے ساتھ منایا گیا۔

جاپان میں بھی نئے سال کا استقبال آتشبازی کے ساتھ کیا گیا، لیکن یہاں ایک روایتی رسم "جویا نو کانے" بھی ادا کی گئی۔ اس رسم کے تحت بدھ مت کے مندروں میں بڑی گھنٹیاں 108 بار بجائی گئیں، جو ایک روحانی علامت سمجھی جاتی ہے۔

جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور سنگاپور میں بھی شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کی تقریبات میں شرکت کی۔ بنکاک میں دریائے چاو فرایا کے اطراف اور سنگاپور میں مرینا بے کے مقام پر آتشبازی نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں عظیم دیوار چین کے جویونگ گوان حصے کو خصوصی روشنیوں اور لائٹ بیمز سے منور کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

یورپ اور مشرق وسطیٰ میں نئے سال کا آغاز کچھ دیر بعد ہوا، جبکہ امریکا میں سب سے آخر میں سال نو داخل ہوتا ہے۔ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں ہر سال کی طرح مشہور کرسٹل بال نصب کی گئی، جہاں لاکھوں افراد نے نئے سال کے جشن میں شرکت کی۔

ماہرین کے مطابق، دنیا میں نئے سال کے آغاز کے اوقات میں فرق عالمی ٹائم زون نظام کی وجہ سے ہے، جس کے تحت زمین کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسی نظام کے تحت مختلف ممالک اپنے اپنے وقت، ثقافت اور روایات کے مطابق نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔

ٹیگز: