کابل: افغانستان میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
آسٹریلوی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سفری ایڈوائزری میں شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کا سفر نہ کریں۔ ایڈوائزری کے مطابق افغانستان کا کوئی بھی حصہ مکمل طور پر محفوظ نہیں ہے، جبکہ دارالحکومت کابل میں بھی سکیورٹی خطرات موجود ہیں۔
آسٹریلوی حکام نے اپنے شہریوں کو سیاحت، ثقافتی سرگرمیوں یا اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے بھی افغانستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا سمیت متعدد ممالک پہلے ہی اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر سے متعلق سخت احتیاطی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔
سفری پابندیوں اور انتباہات کی وجہ افغانستان میں سکیورٹی خدشات، ممکنہ دہشت گرد حملوں اور دیگر خطرات کو قرار دیا گیا ہے۔