لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبے میں جاری ترقیاتی اقدامات اور اسمبلی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی دو سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال قرار دیتے ہوئے ان کے اقدامات کو سراہا۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تعریف ہیں، جبکہ حکومت کی کارکردگی عوامی فلاح کے منصوبوں میں نمایاں نظر آتی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی پنجاب اسمبلی کے امور چلانے میں سپیکر ملک محمد احمد خان کی خدمات کو سراہا اور اسمبلی کے کردار کو مؤثر بنانے کے لیے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں صوبے کے سیاسی اور پارلیمانی معاملات پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔