ایف آئی اے نے کامران ٹیسوری کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ کر لیا

ایف آئی اے نے کامران ٹیسوری کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ کر لیا

کراچی: ایف آئی اے نے ایم کیو  ایم پاکستان کے رہنما  کامران ٹیسوری کے خلاف سونے کی برآمدات کے حوالے سے جھوٹ بولنے کے الزام میں تحقیقات کا  آغاز  کر  دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ایف آئی اے نے کامران ٹیسوری کے خلاف غیر قانونی طور پر زمینیں اپنے نام کرنے کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کر  دیا۔  اس حوالے سے ان کے بینک اکاؤنٹس اور جائیداد  کی تفصیلات بھی طلب کر لیں ہیں۔

مشہور تاجر حنیف مرچنٹ نے ایف آئی اے کو خط لکھ کر کامران ٹیسوری کے خلاف تحقیقات کی درخواست کی تھی۔ خط میں دبئی میں درج مقدمے کی تفصیلات سمیت انٹر پول کے نوٹس کی کاپی بھی منسلک کی گئی۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کامران ٹیسوری نے دبئی سے سونا درآمد کیا لیکن انہوں نے اپنے وعدے کے مطابق سونے کے زیورات برآمد نہیں کیے۔

ایف آئی اے کی جانب سے کامران ٹیسوری کے خلاف جلد کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

دوسری طرف کامران ٹیسوری نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اپنی بے گناہی کا ثبوت دیں گے۔