کورونا وائرس کا شکار ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا بیان بھی سامنے آ گیا

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا بیان بھی سامنے آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوویڈ 19 کا شکار ہونے والے غیر ملکی کھلاڑی فواد احمد کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے جنہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے دعاؤں میں یاد رکھن کی اپیل کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فواد احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’محبت سے بھرے پیغامات کیلئے آپ سب کا بہت شکریہ، برائے مہربانی مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، مجھے، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پی ایس ایل کو آپ کی دعاؤں کی بہت ضرورت ہے، اور ہاں! برائے مہربانی آپ سب اپنا خیال رکھیں اور محفوظ رہیں۔‘ 

واضح رہے کہ فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جو اب 2 مارچ بروز منگل شام سات بجے کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے اور تمام کھلاڑیوں کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ 

  دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی فواد احمد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل ان میں علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ کر دیا گیا اور پھر ان کا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ لیا گیا جو مثبت آیا جس پر فرنچائز کے دیگر تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کئے گئے تاہم سب رپورٹس منفی آئی ہیں اور سب کھیلنے کیلئے دستیاب ہیں۔