معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملک ترکیہ سے تعاون جاری رکھیں گے: وزیراعظم

معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملک ترکیہ سے تعاون جاری رکھیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی ترکیہ اور شام میں خدمات کو پاکستان میں عوام نے سراہا اور ریسکیو ٹیموں نے پاک ترک دوستی کی لاج رکھی، معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملک سے تعاون جاری رکھیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق ترکیہ اور شام میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہے اور معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملکوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے، پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے پاک، ترک دوستی کی لاج رکھی جنہوں نے شاندار، پیشہ ورانہ طورپر ریسکیو خدمات انجام دیں اور درجنوں افراد کو ملبے سے نکالا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پاک، ترک برادرانہ رشتے میں بے پناہ محبت کا اضافہ کیا، ترکیہ کے عوام انسانی، اسلامی رشتے کے ناطے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، ترکیہ اور شام کے متاثرین کیلئے جو کر سکتے ہیں کر گزریں، ہم معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملک سے تعاون جاری رکھیں گے۔ 
انہوں نے ائیرچیف مارشل، نیول چیف کا ترکیہ اور شام کیلئے امداد بھجوانے پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اخوت اور ایثار کا پیغام پوری دنیا میں گیا اور پاکستان اپنے ترک بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔ 

مصنف کے بارے میں