آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات کا آغاز ،امریکی گلوکارہ ریحانہ پرفارم کریں گی

 آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات کا آغاز ،امریکی گلوکارہ ریحانہ پرفارم کریں گی

ممبئی:آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات کا آغاز  ہوگیا ہے  ۔ اس تقریب میں امریکی گلوکارہ ریحانہ پرفارم کریں گی۔بھارت سے تعلق رکھنے والے ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور  رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والے 3 روزہ جشن کا آغاز ہوگیا ہے۔یہ بھارت کی سب سے مہنگی شادی ہے جو صرف بھارتی میڈیا ہی نہیں بلکہ عالمی میڈیا کی توجہ کا بھی مرکز بنی ہوئی ہے۔
دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق یہ صرف شادی ہی نہیں بلکہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے جس کا مقصد کرہ ارض کے سب سے طاقتور اور دولت مند افراد کو بھی حیران کرنا ہے۔28 سالہ آننت امبانی اور 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے سلسلے میں تقریبات کا آغاز آج سے مغربی ہندوستانی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں ہو رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بدھ سے ہی ہوگیا تھا۔
آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی پہلی تقریب ایورلینڈ میں ایک شام کے عنوان سے رکھی گئی ہے جس میں شہرہ آفاق امریکی گلوکارہ اور پاپ آئیکون ریانہ پرفارم کریں گی۔ امریکی گلوکارہ ریحانہ اپنی ٹیم کے  ساتھ   گجرات کے شہر جام نگر پہنچ چکی ہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاپ آئیکون ریحانہ کو شادی میں پرفارم کرنے کے لیے بھاری رقم مل رہی ہے، انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے گلوکارہ ریحانہ تقریبا 8 سے 9 ملین ڈالر کا معاوضہ لے رہی ہیں جوکہ بھارتی 66 سے 74 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

13d87341d4410fc5f980a995c7452624


واضح رہے کہ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کے لیے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور ان کی فیملی، سلمان خان، رانی مکھرجی، دیپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، رنبھیر کپور اور ارجن کپور سمیت دیگر معروف شخصیات جام نگر پہنچ چکی ہیں۔
دنیا بھر سے عالمی سطح پر شہرت کی حامل شخصیات ان تقریبات میں شریک ہونے کے لیے اس وقت بھارت میں موجود ہیں تاہم اس سے قبل مکیش امبانی اور اہلیہ نیتا امبانی نے تقریباً 50 ہزار مقامی افراد کے لیے بھی دعوت کا اہتمام کیا تھا۔
تقریباً 2000 مہمانوں کی فہرست میں بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک اور اہلیہ جیٹسن پیما، امریکی پاپ سٹار ریحانہ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی سابق اہلیہ میلنڈا، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ، الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی، والٹ ڈزنی کے سی ای او باب ایگر سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2018 میں مکیش امبانی اور اہلیہ نیتا امبانی نے اپنی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی کی بھی اسی طرح شاہانہ شادی کا اہتمام کیا تھا، جس پر مبینہ طور پر تقریباً 100 ملین ڈالر کے اخراجات آئے تھے۔

مصنف کے بارے میں