Get Alerts

بھارتی ایجنسی "را" کی خوارج دہشتگردوں کو خفیہ سرپرستی،آڈیو کلپ   میں انکشاف

بھارتی ایجنسی

اسلام آباد: پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والے خوارج گروہوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کی طرف سے خفیہ رہنمائی، مالی معاونت اور عملی سہولت کاری فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف ایک حالیہ آڈیو کلپ کے ذریعے سامنے آیا ہے، جس میں دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی گفتگو سے بھارتی مداخلت کا پردہ فاش ہوتا ہے۔

آڈیو کلپ میں افغانستان میں موجود ایک خارجی شدت پسند، جسے "انس" کے نام سے شناخت کیا گیا، شمالی وزیرستان میں موجود اپنے ساتھی "ابوذر" سے رابطے میں ہے۔ گفتگو میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی ایجنٹوں کی ہدایت پر دہشت گرد تنظیم "تحریک طالبان غزوہ ہند" نے اپنا نام بدل کر "اتحاد المجاہدین پاکستان" رکھ لیا ہے۔ تنظیم کا پرانا نام بھارت مخالف تاثر رکھتا تھا، جسے چھپانے کے لیے یہ تبدیلی کی گئی۔

یہی نہیں، دہشت گردوں کی گفتگو میں سنائپر ہتھیاروں اور دیگر مہلک سازوسامان کی فراہمی اور استعمال پر بھی بات کی گئی، جس کا مقصد پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق، مارچ 2025 میں ایک نیا نام "انقلابِ اسلامی پاکستان (میڈیا سیل - صدائے غزوہ ہند)" سامنے آیا تھا، جسے اپریل میں بھارتی ہدایات کے تحت تبدیل کیا گیا۔ یہ عمل ظاہر کرتا ہے کہ "را" نہ صرف ان گروہوں کو وسائل فراہم کرتی ہے بلکہ ان کے اہداف، نام اور بیانیہ تک طے کرتی ہے۔

پاکستانی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو کلپ بھارت کے ریاستی سطح پر دہشتگرد گروہوں کے ساتھ روابط کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں "را" کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے شواہد پیش کیے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، بھارت خوارج جیسے گروہوں کو مذہب کے نام پر استعمال کر کے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی حکمت عملی پر گامزن ہے، جب کہ حقیقت میں اس کا مقصد پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا اور عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور اس کے خلاف سنجیدہ اقدامات کرے۔

ٹیگز: