تہران : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی ایٹمی تنصیبات کی تباہی اور بحری بیڑے کے غرق ہونے کے دعووں پر ایران نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں "مضحکہ خیز" اور "دیوانے کی بڑ" قرار دے دیا ہے۔ ایرانی عسکری قیادت اور دفترِ خارجہ نے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور حقائق سے نظریں نہ چرائے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی اعلیٰ قیادت نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں امریکی صدر کے انکشافات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی B-2 بمبار طیاروں کے ذریعے تنصیبات کو ملیامیٹ کرنے کا دعویٰ صرف ہالی ووڈ کی کسی فلم کا سکرپٹ معلوم ہوتا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا "ہماری تمام ایٹمی تنصیبات محفوظ ہیں اور دفاعی نظام پوری طرح فعال ہے۔ ٹرمپ کے یہ دعوے نازی دور کے پروپیگنڈے کی یاد دلاتے ہیں جس کا مقصد اپنی ناکامیوں کو چھپانا ہے۔
ایرانی نیوی کے ترجمان نے 159 جہازوں کے ڈوبنے کے دعوے کو "صدی کا سب سے بڑا جھوٹ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس میں ایرانی بحریہ پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ موجود ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر امریکہ کے پاس ان جہازوں کی تباہی کا کوئی ثبوت یا سیٹلائٹ تصاویر ہیں تو وہ دنیا کے سامنے لائے۔
تہران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران کو "وینزویلا" بنانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا صدر ٹرمپ کی گفتگو حقائق پر مبنی نہیں بلکہ نفسیاتی جنگ کا حصہ ہے۔