اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی کارکردگی اور ایف آئی اے اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی کاموں کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ حکومت کا ہدف رواں سال کے اختتام تک ایف آئی اے کو جدید ترین عالمی معیار کے مطابق استوار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا تفتیش اور آپریشنز میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کیا جائے گا۔
معیاری تعمیرات: اکیڈمی کی اپ گریڈیشن میں کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ایف آئی اے کو ایک ایسا ادارہ بنانا ہے جو سائبر کرائم اور انسانی سمگلنگ جیسے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ادارے میں ہونے والی نئی بھرتیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ "نئی بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ صرف باصلاحیت اور اہل افراد کو ہی ادارے کا حصہ بننا چاہیے تاکہ ایف آئی اے کی ساکھ اور کارکردگی میں مزید بہتری آ سکے۔
محسن نقوی نے اکیڈمی پراجیکٹ سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار تیز کریں تاکہ تربیتی نظام کو جلد از جلد جدید تر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کام کا معیار بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ مستقبل کے افسران کو بہترین تربیت فراہم کی جا سکے۔