Get Alerts

ون، کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس: وزیراعظم کا بڑا ایکشن، رہائشیوں کی بے دخلی روک دی گئی

ون، کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس: وزیراعظم کا بڑا ایکشن، رہائشیوں کی بے دخلی روک دی گئی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ون-کانسٹیٹیوشن ایونیو کے رہائشیوں کی بے دخلی کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) کو کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر اس پیچیدہ معاملے کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کریں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری کابینہ اور کامرس سیکریٹری شامل ہیں۔
وزیراعظم کے حتمی فیصلے تک اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے رہائشیوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکیں گے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متاثرہ افراد اور فریقین کا موقف بلا تفریق سنے۔ کوئی بھی متاثرہ شخص اپنی معروضات کمیٹی کے سامنے پیش کر سکے گا۔ کمیٹی کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ ایک ہفتے میں تمام قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

ٹیگز: