کیلیفورنیا: اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ OpenAI کے انٹرفیس میں خاموشی سے ایک اہم تبدیلی متعارف کروا دی ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے مختلف ماڈلز کا انتخاب مزید آسان بنانا ہے۔
نئے اپڈیٹ کے تحت چیٹ جی پی ٹی کے پلس، پرو اور بزنس صارفین اب چیٹ اسکرین کے اندر ہی براہِ راست ماڈل تبدیل کر سکیں گے، جبکہ پہلے یہ آپشنز اوپر موجود مینیو میں چھپے ہوتے تھے اور اکثر صارفین کی نظر سے اوجھل رہتے تھے۔
اب صارفین فوری اور تیز جواب کے لیے "انسٹنٹ" موڈ، زیادہ تفصیلی اور سوچ بچار پر مبنی جوابات کے لیے "تھنکنگ" موڈ، جبکہ خودکار انتخاب کے لیے "کنفیگر" آپشن استعمال کر سکیں گے۔
انسٹنٹ موڈ تیز رفتار نتائج فراہم کرتا ہے، جبکہ تھنکنگ موڈ پیچیدہ اور تفصیلی سوالات کے لیے بہتر سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح کنفیگر آپشن میں سسٹم خود بخود مناسب ماڈل منتخب کرتا ہے، جس میں مختلف پرانے اور نئے ماڈلز شامل ہو سکتے ہیں۔
اس تبدیلی کے بعد صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال زیادہ سہل اور تیز ہو گیا ہے، اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق بہتر طریقے سے ماڈل منتخب کر سکیں گے۔