منیلا : فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے میں گزشتہ شب 6.9 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں ایک سپورٹس کمپلیکس گرنے سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز بوگو شہر سے 17 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے دوران ایک مقامی سپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال میچ جاری تھا جب عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دیگر علاقوں سے بھاری مشینری روانہ کر دی گئی ہے تاکہ ملبہ ہٹا کر پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔
مقامی حکام کے مطابق شہر سیبو میں 4 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں جبکہ 3 سرکاری عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے سے 6 پلوں اور ایک مرکزی سڑک کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث آمد و رفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
حکام نے فوری طور پر سیبو شہر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور آج تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ بعض متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکومت نے زلزلہ زدہ علاقوں میں فوری طور پر پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء بھجوانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرہیزگاری سے کام لیں اور افواہوں سے گریز کرتے ہوئے سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔