منیلا: فلپائن کے جنوبی علاقے میں آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق جزیرہ منداناؤ کے قریب 7.8 شدت کا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کے باعث متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں سے تقریباً 10 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جھٹکوں کی شدت سطح زمین پر زیادہ محسوس کی گئی۔ زلزلے کے فوراً بعد شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق مختلف علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ بعض ڈھانچے مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا، فلپائن کے قریب سمندر میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد ایشیا کے مختلف ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں خطرہ کم ہونے پر یہ وارننگ واپس لے لی گئی۔