اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے 76 ویں قومی دن کے موقع پر چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری خطے میں توازن اور ترقی کی بنیاد ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی قیادت نے مختصر وقت میں معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے خواب کو حقیقت میں بدلا ہے۔ چین استقامت، اصولوں کی پاسداری اور اجتماعی فلاح کے جذبے کی وجہ سے عالمی سطح پر ایک بلند مقام حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی، سماجی اور عسکری کامیابیاں خطے کے لیے خوشحالی اور استحکام کا باعث ہیں۔
محسن نقوی نے چینی قیادت اور عوام کو ان کی شاندار تاریخ، ثقافتی ورثے اور حیرت انگیز ترقی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات تاریخی، مضبوط اور سٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں، اور سی پیک جیسے منصوبے اس شراکت داری کی روشن مثال ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمالیہ کی بلند چوٹیوں، سمندر کی گہرائیوں اور قراقرم کے سنگلاخ راستے پاک چین دوستی کی لازوال گواہی دیتے ہیں۔ چین نے ہر مشکل وقت، علاقائی کشیدگی اور داخلی چیلنج میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہیں۔ گوادر سے خنجراب تک، توانائی سے مواصلات تک، چین نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری خطے میں توازن اور ترقی کی بنیاد ہے۔
آخر میں محسن نقوی نے چینی قوم کی محنت، لگن اور جدت پسندی کو سراہتے ہوئے ان کی مزید ترقی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا، "پاک چین دوستی زندہ باد۔"