Get Alerts

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم، سکولز اور کالجز کھل گئے

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم، سکولز اور کالجز کھل گئے

لاہور/پشاور :  پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی سکولز اور کالجز دوبارہ کھل گئے ہیں، تاہم لاہور سمیت مختلف اضلاع کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔

لاہور میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر 45 سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں چوہنگ، موہلنوال ملتان روڈ، موڑ فرخ آباد، ریٹیگن روڈ کے سرکاری سکول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سینٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ، مراکہ، مانگا، شاداب کالونی، سگیاں، تار گڑھ شاہدرہ، بند روڈ اور پری محل شاہدرہ کے سکول بھی بند رہیں گے۔ شفیق آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، گاؤں شالا، رنگیل پور، خورد پور، چھگیاں بھمہ، موہلنوال کے سکولز بھی تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

مانوال، قلعہ تراڑ، مصطفیٰ آباد، ملک پارک، عزیز کالونی اور مانگا ہیٹھاڑ میں بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئندہ حکم تک تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق یکم سے 7 ستمبر کے دوران پنجاب کے دریاؤں میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کیمپس کے لیے مختلف سکولز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں اور معمول کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ پشاور سمیت دیگر میدانی علاقوں میں بچے دوبارہ کلاس رومز کی جانب لوٹ آئے ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے 20 کالجز یکم اور 2 ستمبر کو بند رہیں گے۔ لاہور ڈویژن کے 6 کالجز بھی اس بندش میں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر کالجز لاہور احسان مختار نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کالجز کی بندش کا مقصد طلباء اور عملے کی حفاظت ہے۔

ٹیگز: