Get Alerts

اب وقت آ گیا ہے کہ کالا باغ ڈیم جیسے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور

اب وقت آ گیا ہے کہ کالا باغ ڈیم جیسے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش پانی اور توانائی کے بحران کے حل کے لیے بڑے فیصلوں کی ضرورت ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ کالا باغ ڈیم جیسے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  سیاست سے بڑھ کر ریاست ہے، اور اگر کسی کو کالا باغ ڈیم پر اعتراض ہے تو ان تحفظات کو دور کر کے یہ منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے قومی نوعیت کے فیصلے جذبات نہیں بلکہ زمینی حقائق کی بنیاد پر کرنے ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو درپیش آبی قلت، بجلی کے بحران، زراعت میں کمی اور سیلابی تباہ کاریوں جیسے چیلنجز کا مستقل حل کالا باغ ڈیم کی صورت میں موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  ملک کے لیے قربانیاں دی جاتی ہیں، اب جو لوگ اس اہم منصوبے کے خلاف ہیں، انہیں بھی ملک کے وسیع تر مفاد میں قربانی دینا ہوگی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جب پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش نہ ہو تو سیلاب انسانی جان و مال کو تباہ کرتا ہے، اور جب پانی کم ہو تو زراعت اور معیشت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لیے بھی یکساں فائدہ مند ہوگا، بشرطیکہ اس پر سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے تمام سیاسی جماعتوں اور صوبوں سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے کو سیاسی تنقید سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں دیکھیں اور تعمیری انداز میں مذاکرات کے ذریعے اپنے تحفظات دور کریں تاکہ ملک کو پانی، توانائی اور معیشت کے بحران سے نکالا جا سکے۔

ٹیگز: