علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور الیکشن کیلئے اہل قرار

 علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور الیکشن کیلئے اہل قرار
سورس: فائل فوٹو

لاہور: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو میئر کا الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کالعدم قرار دے دیا اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف جرمانہ کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا شاہ محمد کی نااہلی کو بھی کالعدم قرار دیا اور بکا خیل سے پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشید کی نااہلی کو برقرار رکھا۔ 

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دے دیا تھا ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی تھی۔ 

علی امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے ضلع بدر نہ کرنے کی درخواست کی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دے دیا تھا ۔ عمر امین گنڈاپور مئیر ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدوار ہیں۔

الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا تھا 

 ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کو ضلع بدر کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے اپیل دائر کی تھی۔

مصنف کے بارے میں