Get Alerts

حملہ ’جائز‘ تھا، ایران نے جواب دیا تو امریکا مزید بڑا حملہ کرے گا: ٹرمپ

حملہ ’جائز‘ تھا، ایران نے جواب دیا تو امریکا مزید بڑا حملہ کرے گا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف حالیہ امریکی کارروائی کو ’’جائز‘‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران کی جانب سے جوابی حملہ کیا گیا تو امریکا اس سے کہیں زیادہ شدید کارروائی کرے گا۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر بارودی سرنگیں بچھانے کے ردعمل میں امریکی حملے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آبنائے ہرمز میں کوئی بارودی سرنگ موجود نہیں، کیونکہ تمام سرنگیں یا تو ہٹا دی گئی ہیں یا انہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ایران نے امریکا کے خلاف جوابی کارروائی کی تو واشنگٹن کی طرف سے پہلے سے بھی زیادہ طاقتور حملہ کیا جائے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو امریکا کے ساتھ معاہدے کے لیے کئی مواقع فراہم کیے گئے، تاہم ان کے بقول تہران نے ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اس کاغذ کے بھی قابل نہیں جس پر اسے تحریر کیا گیا۔

دوسری جانب امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں کے بعد ایران کے اندر متعدد مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے حملوں کی مبینہ کوششوں کے جواب میں کی گئی۔

ٹیگز: