Get Alerts

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے: برینٹ کروڈ 105 ڈالر کی سطح عبور کر گیا

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے: برینٹ کروڈ 105 ڈالر کی سطح عبور کر گیا

لندن/نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور ایرانی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔صدر ٹرمپ کے خطاب کے فوری بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 3 سے 4 فیصد تک بڑھ گئیں۔
برطانوی خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 105 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ امریکی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمت 3 فیصد اضافے کے ساتھ 103 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے "آبنائے ہرمز" کی حفاظت سے دستبرداری کے اشارے اور ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملوں کی دھمکی نے سپلائی میں تعطل کا خوف پیدا کر دیا ہے۔ اگرچہ صدر نے وینزویلا کے تیل کو متبادل قرار دیا ہے، تاہم مارکیٹ میں جاری غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اس اچانک اضافے سے دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ خاص طور پر ایشیائی اور یورپی ممالک، جو توانائی کے لیے مشرقِ وسطیٰ پر انحصار کرتے ہیں، اس صورتحال سے شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔

ٹیگز: