Get Alerts

ایران معاہدہ کر لے ورنہ سب کچھ ختم ہو جائے گا، صدر ٹرمپ کی آخری وارننگ

ایران معاہدہ کر لے ورنہ سب کچھ ختم ہو جائے گا، صدر ٹرمپ کی آخری وارننگ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت ترین لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے پاس معاہدہ کرنے کا یہ آخری موقع ہے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ صدر ٹرمپ نے ایران کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تہران کو سنگین نتائج سے باخبر کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایران کے سب سے بڑے اور اہم ترین پل کو گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ پل ایران کے دو اہم شہروں، کرج اور تہران کو ملانے کا اہم ذریعہ تھا۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ  ایران کا سب سے بڑا پل گر کر تباہ ہو چکا ہے جو اب دوبارہ کبھی استعمال کے قابل نہیں ہو سکے گا۔
صدر ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کا وقت آگیا ہے، ورنہ ایران وہ سب کچھ کھو دے گا جو اسے ایک عظیم ملک بنانے کے لیے اب بھی اس کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو اپنی بقاء کی خاطر فوری فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ مزید تباہی سے بچا جا سکے۔
امریکی صدر کی جانب سے براہ راست پل کی تباہی کی ویڈیو شیئر کرنے اور دھمکی آمیز بیان سے خطے میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ ماہرین اسے ایران پر دباؤ بڑھانے کی "جارحانہ سفارت کاری" قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے۔

ٹیگز: