واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت ترین نتائج کی نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے پاس فیصلہ کرنے کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور اگر اس نے فوری طور پر کوئی بڑا قدم نہ اٹھایا تو اسے انتہائی برے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے ایران پر واضح کیا ہے کہ اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو فوری طور پر حرکت میں آنا ہوگا، ورنہ مستقبل میں ان کے لیے حالات سنبھالنا ناممکن ہو جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا ایران کے پاس وقت کم ہے، اگر انہوں نے جلد نیا معاہدہ نہ کیا تو ان کے لیے کچھ باقی نہیں رہے گا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر کے اس بیان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن تہران پر اقتصادی اور سفارتی دباؤ کو آخری حد تک بڑھا رہا ہے تاکہ اسے اپنی شرائط پر نئے معاہدے کے لیے مجبور کیا جا سکے۔ اس سخت الٹی میٹم کے بعد خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔