لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جو صوبے بھر میں جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہیں۔
اس سال تقریبات کا عنوان "حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک" رکھا گیا ہے، جو نہ صرف تحریکِ آزادی کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے بلکہ وطن کے تحفظ اور سالمیت کے لیے جاری جدوجہد کی علامت بھی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یکم سے 14 اگست تک پنجاب کے تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات، ملی نغمے، ثقافتی پروگرامز، سیمینارز، ریلیاں، اور تعلیمی اداروں میں یومِ آزادی کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں اور سوشل سوسائٹیز کو جشن آزادی کو قومی جوش و جذبے سے منانے کی ہدایت دی ہے۔