Get Alerts

یورپی یونین کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 30 لاکھ یورو کی اضافی امداد

یورپی یونین کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 30 لاکھ یورو کی اضافی امداد

اسلام آباد : یورپی یونین نے پاکستان میں حالیہ مون سون سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کے لیے 30 لاکھ یورو کی اضافی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد خاص طور پر پنجاب کے وہ علاقے جہاں بدترین سیلابی صورتحال نے تباہی مچائی، خرچ کی جائے گی۔

یورپی یونین کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ امداد نقد معاونت کی صورت میں دی جائے گی تاکہ متاثرہ افراد کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔ اس امداد کا مقصد متاثرین کو فوری طور پر کھانے پینے، پناہ گاہوں، اور دیگر ضروریات کی فراہمی میں مدد فراہم کرنا ہے۔

یورپی یونین نے ستمبر میں بھی پاکستان کے لیے 10 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد دی تھی، جو کہ صحت، صاف پانی، صفائی، اور دیگر ضروری خدمات کے لیے استعمال ہوئی۔ اس اضافی امداد کے ساتھ، یورپی یونین کی جانب سے رواں سال پاکستان کو فراہم کی جانے والی مجموعی امداد ایک کروڑ 45 لاکھ یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔

رواں سال کی مون سون بارشوں نے پاکستان میں تقریباً 70 لاکھ افراد کو متاثر کیا، اور 29 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ سیلاب سے ہزاروں افراد کی جانیں گئیں اور دو لاکھ سے زائد گھروں کے ساتھ ساتھ زرعی اراضی اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

یورپی یونین حکام نے کہا کہ رواں سال مون سون پاکستان کے لیے بہت تباہ کن ثابت ہوا، اور پنجاب کو گزشتہ 40 سالوں میں سب سے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق، یورپی یونین کی امداد عالمی یکجہتی کا مظہر ہے اور یہ متاثرہ خاندانوں کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔

ٹیگز: