Get Alerts

بھارت اور افغانستان سے پاکستان مخالف ڈیجیٹل نیٹ ورک سرگرم، درجنوں اکاؤنٹس بے نقاب

بھارت اور افغانستان سے پاکستان مخالف ڈیجیٹل نیٹ ورک سرگرم، درجنوں اکاؤنٹس بے نقاب

اسلام آباد :متعلقہ اداروں کی جانب سے پاکستان مخالف سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق ایک نئے انکشاف کے مطابق بھارت اور افغانستان سے درجنوں ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹس کے متحرک ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ اداروں کا کہنا ہے کہ یہ اکاؤنٹس پاکستان کے خلاف منظم انداز میں جھوٹ، افواہیں اور گمراہ کن بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت اور افغانستان سے چلنے والے کئی ڈیجیٹل اکاؤنٹس پاکستان کے اداروں اور عوام کو نشانہ بنا کر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک دونوں ممالک کی مشترکہ سرگرمیوں کا حصہ معلوم ہوتا ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔

اداروں کے مطابق افغانستان سے سرگرم بعض اکاؤنٹس دہشت گردی اور شدت پسندانہ بیانیہ کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ بھارت سے چلنے والے متعدد اکاؤنٹس نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور پاکستان مخالف مواد پھیلانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائی جانے والی غلط معلومات عوامی رائے کو متاثر کرنے اور ملک میں بداعتمادی پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے والے ان نیٹ ورکس کی پشت پناہی اور سرپرستی میں بھارتی کردار کے شواہد بھی ملے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متعلقہ اداروں نے ایسے متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس کی نشاندہی کر کے مزید کارروائی کے لیے تحقیقاتی عمل تیز کر دیا ہے۔

ٹیگز: