مظفرآباد: آزاد کشمیر کابینہ نے صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں اہم اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ مظفرآباد پریس کلب میں ہونے والے اجلاس میں سینئر وزیر میاں عبدالوٰحید اور وزیر جنگلات جاوید ایوب نے کابینہ کے تازہ فیصلوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ریاست بھر میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کے اجراء، نئے کالجز اور اسکولز کی منظوری، اور طلبہ یونینز کی بحالی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ وزیر خزانہ کو ٹرانسفر اور پراپرٹی ٹیکس میں کمی کی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔
مزید برآں، 5 کے وی اے اور 60 کے وی اے ٹیرف کے فرق کو ختم کرنے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 2.6 بلین روپے، گلپور پل اور ہائیڈل پراجیکٹس کی منظوری، ہسپتالوں میں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی تنصیب، گریٹر واٹر اسکیم، اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ویمن پولیس اسٹیشن اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔
کابینہ کے مطابق یہ فیصلے ریاست میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سوشل پروٹیکشن کے شعبوں میں اہم بہتری کا باعث بنیں گے۔