کورونا  کی پانچویں لہر کا زور برقرار ، مزید 29 اموات6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

 کورونا  کی پانچویں لہر کا زور برقرار ، مزید 29 اموات6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا  کی پانچویں لہر کا زور برقرار ہے ،مزید29افراد وائرس کا شکار ہو کر جان   گنوا بیٹھے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار330ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی) کے مطابق گزشتہ24  گھنٹے کے دوران ملک بھرمیں61 ہزار190کورونا ٹیسٹ کیے  گئے جن میں سے  6 ہزار47 افراد میں  وائرس کی تصدیق ہوئی، مثبت کیسز کی شرح9.88فیصد رہی۔ملک بھر میں کورونا کیسز کی  مجموعی تعداد14 لاکھ36ہزار413 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر  کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک ہزار559مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو کہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز  این سی او سی نے ملک بھر میں گھر گھر خصوصی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا  جس کے تحت ٹیمیں شہریوں کو گھروں تک جا کر ویکسین لگائیں گی۔ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس  کے دوران  ٹیموں کے ذریعے گھر گھر  جا کر کورونا کیخلاف ویکسی نیشن کی خصوصی مہم کا اعلان کیا  تاکہ مہلک وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا  ویکسی نیشن کی گھر گھر مہم سے شہری فائدہ اٹھائیں تاکہ مہلک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 18 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد  بوسٹر ڈوز بھی لگوا چکی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کیخلاف بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، 55 ہزار ٹیمیں ویکسین کی خصوصی مہم میں حصہ لیں گی، شہریوں سے اپیل ہے کہ ویکسین والے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔