دورہ چین سے قبل وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ،اندرونی کہانی سامنے آگئی 

PM Imran Khan, Visit China, PMIK

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کا دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

دورہ چین سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ہو ا جس میں دورہ چین سے متعلق اہم ایشوز کوپر مشاورت کی گئی ،اجلاس میں وزیراعظم کو پاکستان اور چین کے مابین سی پیک، اسپیشل اکنامک زونز، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے جاری ٹھوس منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، فواد چوہدری، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرتجارت عبدالرزاق داود، وزیر مملکت فرخ حبیب، قومی سلامتی مشیر ڈاکٹر معید یوسف،  معاون خصوصی شہباز گل اور خالد منصور  نے شرکت کی ۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر اعظم کے دورہ چین کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا، دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی۔وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان دورہ چین  کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔  وزیراعظم ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں  بھی شریک ہونگے۔

چند روز قبل وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق آگاہ کیا تھا جس کے بعد یہ خبر بھی زیرگردش رہی کہ چین سے 3ارب ڈالر قرض لیا جائے گا تاہم بعد ازاں  اقتصادی امور ڈویژن نے  خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تردید کر دی تھی۔