کراچی: مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ رکنے کے بعد آج نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ دوبارہ قیمتی دھات کی جانب مبذول ہوگئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ نرخوں کے مطابق فی تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت میں 9 ہزار 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 736 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 7 ہزار 802 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 67 ہزار 572 روپے تک پہنچ گئی۔
ادھر عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونے کا بھاؤ 91 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 63 ڈالر ہو گیا۔