لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کو واقعے کی فوری تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ملبے تلے دبے 10 سے زائد بچوں کو بروقت بحفاظت نکالنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں سمیت تمام متاثرین کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں بہترین علاج میسر آ سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر حادثہ غفلت یا ناقص تعمیرات کے باعث پیش آیا ہے تو ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ گنجان آبادی والے علاقوں میں قائم تمام ایسے اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ (سیفٹی آڈٹ) کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو کارروائیوں میں معمولی تاخیر بھی قابل قبول نہیں ہوگی۔