سشما سوراج نے پاکستانی بچے کے علاج کے لیے ویزہ فراہم کرنے کا وعدہ کردیا

سشما سوراج نے پاکستانی بچے کے علاج کے لیے ویزہ فراہم کرنے کا وعدہ کردیا

کراچی : بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ڈھائی سال کے پاکستانی بچے کے علاج کے لیے ویزہ فراہم کرنے کا وعدہ کردیا۔پاکستانی شہری کین سڈ کے ڈھائی سالہ بیٹے روحان کو دل کا ایک ایسا عارضہ لاحق ہے جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں۔

بچے کے والد نے میڈیکل ویزا کے حصول کے لیے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو مخاطب کیا تھا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے پیش نظربچے کے والد نے اپنی بات کو واضح کرنے کے لیے لکھا کہ میرا بیٹا علاج کے لیے کیوں ترسے؟ میڈم سشما اور سرتاج عزیز سر آپ کے پاس کوئی جواب ہے؟۔

سوشل میڈیا کے ذریعے اس درخواست پر سشما سوراج نے ٹویٹ کی کہ بچے کو یہ صورتحال برداشت نہیں کرنا پڑے گی، برائے مہربانی آپ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کریں،ہم میڈیکل ویزا جاری کردیں گے۔دل کے عارضے میں مبتلا بچے کے علاج کے لیے بھارتی وزیرخارجہ سے ٹوئٹر پر کی جانے والی اس درخواست نے کئی بھارتی شہریوں کے دل میں بھی انسانیت کا درد جگادیا اور انہوں نے بھی سشما سوراج سے معاملے پر غور کرنے کیلئے کہا۔

کین سڈ نامی ٹوئٹڑ اکانٹ ہولڈر بچے کے والد نے کہا کہ بہت خوشی ہوئی کہ اختلافات کے باوجود انسانیت اپنا وجود رکھتی ہے۔ آپ سب کی کوششوں کا شکریہ،خدا سب پر رحم کرے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.