رواں سال کسی صورت بھی امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے: مراد راس

رواں سال کسی صورت بھی امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے: مراد راس
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ اس سال امتحانات کسی صورت بھی منسوخ نہیں ہوں گے اور طلبہ احتجاج میں وقت ضائع کرنے کے بجائے امتحانات کی تیاری کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ رواں سال حکومت کا امتحانات منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جتنی چاہیں مشہور سیلیبرٹیز کو لے آئیں، فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی وزرا کا اجلاس اس ہفتے کے آخر میں ہوگا جس میں تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے اور امتحانات سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا، وبائی بیماری شروع ہونے کے بعد سے ملک کا تعلیمی نظام متاثر ہوا اور طلباءکو بہت بڑا علمی نقصان اٹھانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی طلباءکو گزشتہ سال بغیر کسی امتحان کے پاس کر چکے ہیں لیکن اس عمل کو دہرایا نہیں جا سکتا، اگر ہم انہیں بغیر امتحان کے آسانی سے اگلی جماعتوں میں منتقل کردیں تو ہم کس قسم کی نسل تیار کریں گے؟ حکومت کے امتحانات لینے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباءکے مطالبات کو وقت کا زیاں قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ان مطالبات کا مطلب ہے، آئیں ہم دھوکہ کریں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پھیلنے کے بعد سے پاکستان کے متعدد شہروں میں طلبا 29 جون سے 23 جولائی تک ملک بھر میں انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے امتحانات لینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔