Get Alerts

غزہ میں امداد پہنچانے کی نئی کوشش، فریڈم فلوٹیلا ایک بار پھر روانگی کے لیے تیار ، گریٹا تھنبرگ بھی شامل

غزہ میں امداد پہنچانے کی نئی کوشش، فریڈم فلوٹیلا ایک بار پھر روانگی کے لیے تیار ، گریٹا تھنبرگ بھی شامل

سسلین :  انسانی حقوق کے لیے سرگرم عالمی اتحاد فریڈم فلوٹیلا ایک بار پھر غزہ کے محاصرے کو توڑنے کے لیے امدادی سامان سے لدا ہوا جہاز روانہ کرنے جا رہا ہے، اور اس بار اس سفر میں ماحول دوست سرگرمیوں کی علمبردار گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق یہ جہاز آج شام اطالوی بندرگاہ سسلین سے روانہ ہو گا۔ اس کا مقصد صرف امداد پہنچانا ہی نہیں، بلکہ دنیا کی توجہ غزہ میں جاری انسانی بحران اور اسرائیلی ناکہ بندی کی سفاکیت کی طرف مبذول کرانا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گریٹا تھنبرگ کی آنکھیں نم تھیں۔ انہوں نے کہا "ہم یہ قدم اس لیے اٹھا رہے ہیں کیونکہ ہم غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اگر ہم یہ کوشش چھوڑ دیں تو ہم انسانیت کے جوہر سے محروم ہو جائیں گے۔ خطرہ ضرور ہے، لیکن اس سے کہیں بڑا خطرہ یہ ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر دنیا خاموش ہے۔"
جہاز میں خوراک، طبی سامان اور دیگر امدادی اشیاء موجود ہیں، جنہیں غزہ کے سمندری راستے سے پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ اسرائیل نے 2 مارچ سے غزہ کی مکمل خوراکی ناکہ بندی کر رکھی ہے، اور گزشتہ ہفتے صرف معمولی مقدار میں اشیاء کو داخل ہونے دیا گیا۔ اب تک اسرائیلی حملوں میں 54,000 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے۔

یاد رہے کہ فریڈم فلوٹیلا کا ایک جہاز ماضی میں بھی غزہ کی طرف روانہ ہوا تھا جسے اسرائیلی فوج نے سمندر میں روک کر حملہ کر دیا تھا، جس میں عام شہری جاں بحق ہوئے اور اس واقعے نے ترکی اور اسرائیل کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا کر دی تھی۔

ٹیگز: