Get Alerts

ہم پر جو ظلم ہوا وہ اہم نہیں، اسرائیل ایک پوری قوم کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہے ، گریٹا تھنبرگ

ہم پر جو ظلم ہوا وہ اہم نہیں، اسرائیل ایک پوری قوم کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہے ، گریٹا تھنبرگ

ایتھنز: سویڈن کی معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے کہا ہے کہ "ہم پر جو ظلم ہوا وہ اہم نہیں، اصل بات یہ ہے کہ اسرائیل ایک پوری قوم کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہے"۔ گریٹا تھنبرگ سمیت گلوبل صمود فلوٹیلا کے درجنوں کارکنان جو اسرائیلی حراست سے رہا ہو کر یونان پہنچے، وہاں فلسطین کے حامیوں نے ان کا جوشیلہ استقبال کیا۔

گریٹا نے واضح کیا کہ غزہ میں ایک نسل کشی جاری ہے اور بین الاقوامی ادارے فلسطینیوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے جنگی جرائم روکنے میں ناکام ہو چکے ہیں، اس لیے انہوں نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے ذریعے وہ کردار ادا کرنے کی کوشش کی جو حکومتیں کرنے میں ناکام رہیں۔

سوئٹزرلینڈ پہنچنے والے نو کارکنوں نے الزام لگایا کہ اسرائیلی حراست میں انہیں نیند سے محروم رکھا گیا، پانی اور خوراک نہیں دی گئی، بعض کو مارا پیٹا گیا اور قید میں رکھا گیا۔ ہسپانوی کارکنوں نے بھی اسرائیلی فوج کی بدسلوکی کے الزامات عائد کیے۔ ان کے وکیل نے بتایا کہ انہیں مارا پیٹا گیا، آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں، ہاتھ پاؤں باندھے گئے اور گالیاں دی گئیں۔

سویڈش کارکنوں نے کہا کہ گریٹا تھنبرگ کو زبردستی اسرائیلی پرچم اٹھانے پر مجبور کیا گیا، جبکہ دیگر کو صاف پانی، کھانے اور دوائیں فراہم نہیں کی گئیں اور ان کا ذاتی سامان ضبط کر لیا گیا۔

گریٹا تھنبرگ نے مزید کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انسانی امداد کو غزہ تک پہنچنے سے روک رہا ہے، جس کی وجہ سے وہاں کے لوگ بھوک و افلاس کا شکار ہیں۔

ٹیگز: