Get Alerts

اسرائیل نے گریٹا تھنبرگ سمیت فلوٹیلا کے 171 ارکان کو ملک بدر کر دیا

اسرائیل نے گریٹا تھنبرگ سمیت فلوٹیلا کے 171 ارکان کو ملک بدر کر دیا

غزہ :برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، اسرائیلی حکومت نے غزہ کے لیے روانہ ہونے والی "گلوبل صمود فلوٹیلا" کے مزید 171 کارکنوں کو گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا ہے، اس میں ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی  ہیں۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بدر کیے گئے افراد کو یونان اور سلوواکیہ منتقل کیا گیا ہے۔ ان کارکنوں کا تعلق مختلف یورپی ممالک سمیت امریکا سے بھی ہے جن میں یونان، اٹلی، فرانس، آئرلینڈ، سویڈن، پولینڈ، جرمنی، بلغاریہ، لیتھوانیا، آسٹریا، لکسمبرگ، فن لینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، ناروے، برطانیہ، سربیا اور امریکا شامل ہیں۔

اس سے قبل اسرائیل نے فلوٹیلا کے 450 سے زائد گرفتار ارکان میں سے 170 افراد کو بھی ملک بدر کیا تھا، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 340 سے زائد کارکنوں کو ملک سے نکالا جا چکا ہے۔

ملک واپس پہنچنے والے امدادی کارکنوں نے اسرائیلی حراست کے دوران مبینہ بدسلوکی اور ذہنی اذیت کے بارے میں انکشافات کیے ہیں۔ اٹلی واپس جانے والے کارکنوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس نے انہیں ہراساں کیا، ادویات سے محروم رکھا گیا اور ذہنی دباؤ میں رکھا گیا۔

واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران امدادی سامان پہنچانا تھا، لیکن اسرائیلی حکام نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے فلوٹیلا کو راستے میں روک دیا تھا۔

ٹیگز: