کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں کل سے اب تک چوتھی بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ خاص طور پر لانڈھی اور ملیر کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح تقریباً 10 بج کر 25 منٹ اور پھر 11 بج کر 4 منٹ پر آئے، جن کا مرکز قائدآباد کے قریب تھا۔ ان جھٹکوں کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی اور زیر زمین گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے قائدآباد، ملیر، سعودآباد، گلستان جوہر، کھوکھراپار، اسٹیل ٹاؤن اور آس پاس کے علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گزشتہ روز بھی کراچی میں دو بار ہلکے زلزلے کے جھٹکے آئے تھے، جو کہ شہر میں جاری زلزلے کی گہری سرگرمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔