اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے مؤثر اور عملی پالیسی اقدامات حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے یہ بات سرمایہ کاری کے فروغ، شعبہ جاتی اصلاحات اور مختلف پالیسی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے زیر غور مختلف پالیسی تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور عطاء تارڑ نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے صنعتی شعبے کی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متبادل اور قابلِ تجدید توانائی ذرائع کے ذریعے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کی بچت اور سستی و جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام اصلاحات اور پالیسی اقدامات میں شفافیت، بہتر حکمرانی اور کارکردگی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔