سرفراز احمد کی کیپٹن اننگز، اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 157 رنز کا ہدف

سرفراز احمد کی کیپٹن اننگز، اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 157 رنز کا ہدف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی عمدہ اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 157 رنز کا ہدف دیدیا ہے، سرفراز احمد 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد نواز نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم گزشتہ میچز میں ناکامی سے دوچار ہونے والے صائم ایوب آج بھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف سات کے مجموعی سکور پر حسن علی کی گیند پر پال سٹرلنگ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کیمرون ڈیلپورٹ بھی 21 کے مجموعی سکور پر ہمت ہار بیٹھے اور تین گیندوں پر ایک سکور بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 
مجموعی سکور میں محض چھ رنز کے اضافے کے ساتھ ہی فاف ڈوپلیسی بھی چلتے بنے، وہ 17 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز اعظم خان بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف چار رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی بین کٹنگ تھے جنہوں نے 17 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر روحیل نذیر کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے۔ 
ایک جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب سرفراز احمد آج کسی اور موڈ میں ہی نظر آئے جنہوں نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اسلا آباد یونائیٹڈ کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے افتخار احمد کو ایک ہی اوور میں مسلسل چار چھکے بھی لگائے اور 40 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد نواز نے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ زاہد محمود نے پانچ رنز بنائے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں صرف 11 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاداب خان ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پال سٹرلنگ، روحیل نذیر، ایلکس ہیلز، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور موسیٰ خان شامل ہیں۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین اور نسیم شاہ شامل ہیں۔