فواد چوہدری کی طرف سے دیئے گئے بیان کی الیکشن کمیشن نے تردید کر دی

فواد چوہدری کی طرف سے دیئے گئے بیان کی الیکشن کمیشن نے تردید کر دی
کیپشن: فواد چوہدری کی طرف سے دیئے گئے بیان کی الیکشن کمیشن نے تردید کر دی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے دینے جانے والے اس بیان کی تردید کی ہے کہ الیکشن کمیشن میں کوئی افسر موجود نہ تھا۔

 ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آر  اینڈ  آئی برانچ کھلی ہے اور متعلقہ افسران موجود ہیں۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کر رکھا ہے جب کہ مانیٹرنگ اور کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو منظر پر آئی ہے  جس میں علی حیدر گیلانی ایک رکن اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتارہے ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد حکومتی وفد الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچا تھا۔

اس موقع پر  فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں کہرام مچا ہے اور الیکشن کمیشن میں فوری معاملات دیکھنے کےلیےکوئی نہیں۔ علی حیدر گیلانی نے ویڈیو کو تسلیم کیا ہے اور اس اقبال جرم کے بعد یوسف رضا گیلانی کو الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ سینیٹ آف پاکستان (ایوان بالا) کی 37 نشستوں پرانتخاب کل ہو گا۔ سینیٹ الیکشن میں پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ کل اسلام آبادکی 2، خیبر پختونخوا کی 12، سندھ کی 11 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

 صوبوں کی نشستوں پر اراکین صوبائی اسمبلی اور اسلام آبادکی 2 نشستوں پر اراکین قومی اسمبلی ووٹ کاسٹ کریں گے۔ مجموعی طورپر جنرل نشستوں پر 39 امیدوار ،خواتین نشستوں پر 18، ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 13اور اقلیتوں کی نشستوں پر8 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کا سب سے دلچسپ اور بڑا معرکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل نشست پر ہوگا جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی ایک جنرل اورایک خاتون کی نشست پر مقابلہ ہوگا جب کہ ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی پولنگ اسٹیشن بن جائے گی۔الیکشن کمیشن کا کہناہےکہ سینیٹ کے الیکشن موجودہ آئین و قانون کے تحت پرانے طریقہ کار کے مطابق خفیہ بیلٹ سے ہوں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے سپریم کورٹ کی رائے پر مکمل عملدرآمدکرنےکا فیصلہ کیا ہے۔