اسلام آباد : حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور میں ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن کرانے پر اتفا ق ہو گیا لیکن تاریخ طے نہ ہوسکی۔
حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات کے تیسرے دور میں تفصیل کے ساتھ مثبت طریقے سے تمام چیزوں پر تبادلہ خیال کیا اور مجموعی نتیجہ مثبت نکلا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایک بات پر اتفاق ہے کہ ملک میں ایک ہی دن تمام انتخابات ہونے چاہئیں اور صوبوں میں الگ یا مختلف تاریخ پر انتخابات کی کوئی بات نہیں ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا فریقین ملک بھر میں ایک دن انتخابات، نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے گا اور انتخابات کے نتائج تسلیم کیے جائیں گے جیسے نکات پر متفق ہیں۔
حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، سعد رفیق، کشور زہرہ، طارق بشیر چیمہ ، اعظم نذیر تارڑ، سید نوید قمر جبکہ پی ٹی آئی کے وفد میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر شامل تھے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ ایک اہم معاملہ انتخابات کی تاریخ کا تعین ہے کہ الیکشن کب ہوں، اس حوالے سے دونوں فریقین کی اپنی اپنی تاریخیں ہیں جن پر کچھ لچک ضرور آئی ہے لیکن ابھی کسی ایک متفقہ نکتے پر نہیں پہنچے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ انہو نے بھی اپنی قیادت سے جاکر دوبارہ بات کرنی ہے، ہمیں بھی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرنی ہے اور آنے والے دنوں میں مثبت پیش رفت کی امید ہے۔
خیال رہے گزشتہ دور کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ مذاکرات میں دونوں جانب سے تجاویز پر بات کی گئی ہے۔ دونوں طرف سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔