واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے باہمی مسائل کا ذمہ دارانہ اور پائیدار حل تلاش کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں امن اور علاقائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان، ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کی حکومتوں سے مختلف سطح پر رابطے میں ہے اور خطے کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایسا راستہ اپنائیں جو طویل مدتی امن اور استحکام کا باعث بنے۔
ٹیمی بروس نے مزید بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے بدھ کے روز وزیراعظم پاکستان سے رابطہ کیا، جبکہ سینیٹر مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے گفتگو کی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کا خواہاں ہے اور امید رکھتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کا حل بات چیت اور سمجھداری سے نکالیں گے۔