Get Alerts

پاکستان اور بھارت کشیدگی نہ بڑھائیں ، تحمل سے مسئلہ کا حل نکالیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

پاکستان اور بھارت کشیدگی نہ بڑھائیں ، تحمل سے مسئلہ کا حل نکالیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن: امریکہ نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ حالات کو مزید خراب نہ کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد اور نئی دہلی دونوں سے رابطے میں ہے اور انہیں واضح طور پر کہا جا رہا ہے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو آئندہ 24 گھنٹوں میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے بات کریں گے، تاکہ سفارتی سطح پر کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔ ٹیمی بروس نے یہ بھی کہا کہ وزیر خارجہ دوسرے عالمی رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کر رہے ہیں، تاکہ وہ بھی اس مسئلے پر کردار ادا کریں۔

ترجمان کے مطابق، امریکہ اس معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہا ہے اور فریقین کو مسلسل پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، کیونکہ دنیا کی نظریں اس وقت اس خطے پر لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی موجودہ قیادت خاص طور پر صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے تحت اس وقت کی جانے والی بات چیت نہایت اہم ہے، اور توقع ہے کہ اس کا مثبت اثر پڑے گا۔

یاد رہے کہ پہلگام میں بھارتی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت سخت اقدامات کا اعلان کیا، جس پر پاکستان نے بھی سخت ردعمل دیا ہے، اور صورتحال دن بہ دن نازک ہوتی جا رہی ہے۔

ٹیگز: