Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار اور زیریں سندھ میں جزوی ابر آلودگی کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بھی بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں 7 اکتوبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا الرٹ دیا گیا ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ اور باجوڑ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی موجود ہے۔

مہمند، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، ہنگو اور کرم میں بھی بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر حصے گرم اور خشک رہیں گے۔

حیدرآباد، دادو، بدین، مٹھی، میرپور خاص، کراچی، سجاول اور ٹھٹھہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند جگہوں پر بارش کی پیش گوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے 5 سے 7 اکتوبر کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم زیریں اور وسطی سندھ اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور بارش ہوئی۔

ٹیگز: