اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون سسٹمز پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں، جس کے باعث گلگت بلتستان، کشمیر، اور دیگر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب زدہ علاقوں میں املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ندی نالوں اور ڈھلوانی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے احتیاط برتیں۔
این ڈی ایم اے نے شہری حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو فوری صاف کروایا جائے تاکہ شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گرد و نواح میں مزید موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے نے بتایا کہ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے، بجلی کی بندش اور دیگر نقصانات کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرد و غبار کے طوفان چھتوں، گاڑیوں اور بجلی کی تنصیبات کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے شہری بل بورڈز، کمزور دیواروں اور کھمبوں سے دور رہیں اور اپنی گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔