اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید موسمی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب، اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں گرج چمک، آندھی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ کچھ مقامات پر بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مختلف علاقوں میں بارشیں ہو چکی ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی الرٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ پنجاب میں نشیبی علاقوں میں سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ ہے۔طوفانی بارشوں کا امکان راجن پور، لیہ، وہاڑی، ملتان، بہاولپور، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، خانپور، صادق آباد، رحیم یار خان، چنیوٹ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، حافظ آباد سمیت دیگر اضلاع میں ہے۔
جنوبی اضلاع جیسے کراچی، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، مٹھی، عمر کوٹ، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں تیز ہواؤں اور شدید بارش کی پیش گوئی۔لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، خیرپور، دادو، کشمور، جیکب آباد، جامشورو میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان میں ژوب، لورالائی، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، خضدار، آواران، بارکھان اور لسبیلہ میں آندھی طوفان اور بارش کی توقع ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ:موسم کی تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں ، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہیں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ملکی و ضلعی سطح پر ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔