Get Alerts

کبھی کسی شہرمیں تفریق نہیں کی ، میرایہ کام ہےکہ پنجاب کےعوام کی آوازاٹھاؤں، وزیراعلیٰ مریم نواز

کبھی کسی شہرمیں تفریق نہیں کی ، میرایہ کام ہےکہ پنجاب کےعوام کی آوازاٹھاؤں، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دینا ان کا فرض ہے اور اس پر کبھی معافی نہیں مانگیں گی۔ انہوں نے شمالی اور جنوبی پنجاب کی تفریق ڈالنے والوں کو عوام کا دوست نہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہیں۔

مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، اور جس ملک میں اتنے سارے ٹاپرز ہوں، اسے کبھی زوال نہیں آتا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 50 ہزار سے زائد سکول ہیں جہاں کروڑوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، لیکن سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے معیار میں فرق بہت زیادہ ہے، جسے ختم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 80 ہزار بچے اسکالرشپس پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور انہیں ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرفارمنس والے طلبہ کو جدید لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ ایک ماں کی حیثیت سے وہ تمام پوزیشن ہولڈرز پر فخر کرتی ہیں اور والدین کی محنت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ سفارش اور دھاندلی کو مکمل ختم کر دیا گیا ہے اور میرٹ کو ہمیشہ مقدم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی سینٹرز محفوظ ہیں اور کسی کو غیر قانونی فائدہ نہیں دیا جاتا۔ اہم تقرریوں کے لیے پینلز کا انٹرویو خود کرتی ہوں تاکہ میرٹ کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے سکول میل پروگرام کا بھی ذکر کیا جس کے تحت روزانہ 10 لاکھ بچوں کو سکول میں دودھ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ بچوں کی جسمانی نشوونما بہتر ہو۔ اس کے علاوہ، پنجاب بھر میں 6 ہزار جدید ترین لیبز بنائی جا رہی ہیں جہاں بچے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس اور کوڈنگ کی تعلیم حاصل کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کی شمولیت بھی بڑھائی جا رہی ہے اور پہلی بار لاہور میں پہلی خاتون کمشنر تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے والدین اور معاشرے سے اپیل کی کہ لڑکیوں کی تعلیم اور ترقی کے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔

سیکیورٹی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کے کئی شہروں میں کئی ہفتے سے کوئی جرائم رپورٹ نہیں ہوئے، جبکہ خواتین کے خلاف ہراسانی کے واقعات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی کی گئی ہے اور ہر سکول میں سبجیکٹ سپیشلسٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کا مقصد سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ اسکولز کے برابر معیاری بنانا ہے تاکہ ہر بچے کو اعلیٰ تعلیم میسر ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں 90 ہزار گھر بنانے کا کام جاری ہے اور الیکٹرک بسیں چھوٹے شہروں سے شروع کی گئی ہیں تاکہ عوام کو آسان اور محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے عوام کو فیک نیوز اور پروپیگنڈا سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے اور کسی بھی بات پر آنکھیں بند کر کے یقین نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ جو لوگ عوام کو جلاؤ گھیراؤ پر اکساتے ہیں وہ عوام کے دشمن ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے وسائل پورے ملک کے لیے ہیں اور ہر صوبے کے وسائل یکساں ہیں، اس لیے صوبوں میں تفریق کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی عوام کی عزت نفس سے سمجھوتہ نہیں کریں گی اور پنجاب کے عوام کی عزت کا دفاع ان کی اولین ذمہ داری ہے۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ عہدہ عوام کے اعتماد اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور وہ پنجاب کے عوام کی خدمت کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

ٹیگز: