Get Alerts

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ پر صارفین کا سخت ردعمل، یوٹیوب پر رپورٹ کا سلسلہ شروع

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ پر صارفین کا سخت ردعمل، یوٹیوب پر رپورٹ کا سلسلہ شروع

لاہور:لازوال عشق نامی ریئلٹی شو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔ صارفین نے اس شو کو پاکستانی اور اسلامی اقدار کے خلاف قرار دیتے ہوئے یوٹیوب پر رپورٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

یہ شو تب سے تنازعے میں ہے جب اس کا پہلا ٹیزر سامنے آیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ’مغربی ڈیٹنگ شوز‘ کی نقل ہے اور پاکستانی معاشرتی اقدار کے منافی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کے خلاف متعدد ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھی صارفین نے شو پر پابندی کا مطالبہ کیا، لیکن پیمرا نے واضح کیا کہ یہ شو کسی ٹی وی چینل پر نشر نہیں ہوگا بلکہ صرف یوٹیوب پر دستیاب ہے، اس لیے پابندی ممکن نہیں۔

اداکارہ مشی خان نے بھی اس شو کی شدید مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ ’لازوال عشق‘ ترکی کے مقبول ریئلٹی شو ’عشق آداسی‘ سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ مشی خان کے مطابق، ہر معاشرہ اپنی اقدار کے مطابق چلتا ہے اور اس طرح کے شوز پاکستان میں فحاشی پھیلانے کا باعث بن سکتے ہیں۔

شو کی پہلی قسط یوٹیوب پر 3 لاکھ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے، جس میں شرکا کو بولڈ مغربی انداز کے لباس میں دکھایا گیا ہے۔ ساتھ ہی میزبان عائشہ عمر نے مختلف موضوعات پر بلا جھجک گفتگو کی۔

سوشل میڈیا پر خاص طور پر خواتین کے لباس اور شو کے مواد پر سخت تنقید کی گئی ہے۔ تاہم، عائشہ عمر نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے اپنی والدہ کی رائے سب سے اہم ہے اور ان کی والدہ کو شو بے حد پسند آیا۔

تاہم، صارفین پابندی کا مطالبہ جاری رکھتے ہوئے یوٹیوب پر شو کو رپورٹ کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر چکے ہیں۔

ٹیگز: