Get Alerts

نادیہ خان کا 'لازوال عشق' کے یوٹیوب پر نشر ہونے پر ردعمل، متنازعہ ریئلٹی شو پر بحث جاری

نادیہ خان کا 'لازوال عشق' کے یوٹیوب پر نشر ہونے پر ردعمل، متنازعہ ریئلٹی شو پر بحث جاری

کراچی:اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ عائشہ عمر کی میزبانی میں بنائے گئے ریئلٹی شو 'لازوال عشق' کا یوٹیوب پر نشر ہونا خوش آئند ہے۔

’لازوال عشق‘ ریئلٹی شو 29 ستمبر سے یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، جس کے ٹیزر اور ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اسے ڈیٹنگ شو قرار دیتے ہوئے پابندی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

عائشہ عمر نے وضاحت کی تھی کہ یہ شو ڈیٹنگ پر مبنی نہیں بلکہ سچی محبت کی تلاش پر مشتمل ہے۔ شو میں چار لڑکے اور چار لڑکیاں ایک بنگلے نما محل میں کئی ہفتوں تک ساتھ رہیں گے اور ایک دوسرے سے تمام معاملات شیئر کریں گے۔

شو کی مقبولیت اور تنقید کے حوالے سے ’کیا ڈراما ہے‘ کے پروگرام میں نادیہ خان، عتیقہ اوڈھو اور مرینہ خان نے اسے سراہا۔ مرینہ خان نے بتایا کہ ’لازوال عشق‘ کو پہلے عربی، ترکی اور دیگر زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے، جبکہ اردو میں یہ پہلی بار پیش کیا جا رہا ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ یوٹیوب پر بہت سی ویب سیریز اور ڈرامے موجود ہیں، اس لیے شو پر پابندی لگانا مناسب نہیں۔ دوسری جانب مرینہ خان نے بتایا کہ ’برزخ‘ جیسی ویب سیریز پر پاکستان میں پابندی لگائی گئی تھی، اور ’لازوال عشق‘ کا یوٹیوب چینل بھی بند ہوسکتا ہے۔

نادیہ خان نے کہا کہ یوٹیوب پر نشر ہونا بہتر ہے جہاں ہر کوئی اپنی مرضی سے دیکھ سکتا ہے یا نہ دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’ایسا نہ ہو کہ بنگلے کے اندر لڑکا اور لڑکی جائیں، واپسی پر تین باہر نکلیں۔‘‘

ٹیگز: