Get Alerts

5 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

 5 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

لاہور : پنجاب میں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کی صورتحال شدید ہے اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے 5 ستمبر تک ان دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی پر بھی شدید سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 16 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے اور مسلسل بڑھ رہا ہے۔

ریلیف کمشنر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی مقدار غیر معمولی حد تک بڑھ سکتی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔

اسی دوران تربیلا ڈیم مکمل بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم 83 فیصد تک بھر چکا ہے۔ تربیلا ڈیم کا پانی کا لیول 1549.78 فٹ اور منگلا ڈیم کا لیول 1226.50 فٹ ہے۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.70 فٹ تک پہنچنے پر ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔

قومی آفت انتظامیہ (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ راول ڈیم کے اسپل ویز صبح 7 بجے کھولے گئے اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔ این ڈی ایم اے نے کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر عوام کو انتباہ کیا ہے کہ وہ نالے پر بنے عارضی پلوں کو عبور نہ کریں کیونکہ پانی کا بہاؤ تیز ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: